ماسکو(20 مارچ 2026): روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے روس کے تمام مسلمان شہریوں کو عید الفطر کے پرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کی ہے۔روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے روس کے تمام مسلمان شہریوں کو عید الفطر کے پرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مقدس تہوار اخلاقی رفعت، رحمت اور ہمدردی کی علامت ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں روسی صدر نے کہا کہ عید الفطر کا تہوار اسلامی اقدار اور روایات سے وابستگی کو مزید مضبوط بناتا ہے اور روس کے مسلمان اپنی تاریخی و روحانی میراث کو بہترین طریقے سے محفوظ رکھے ہوئے ہیں۔صدر پیوٹن نے عید کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ دن بڑے خلوص اور عقیدت کے ساتھ خاندانوں کے درمیان منایا جاتا ہے، جبکہ رمضان المبارک کے دوران فلاحی، ثقافتی اور تعلیمی سرگرمیوں کا فروغ اب ایک قابلِ تحسین روایت بن چکا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر بچوں کے لیے منعقد کی جانے والی تقاریب کو بھی اس مستقل روایت کا اہم حصہ قرار دیا۔روسی صدر نے مسلم تنظیموں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ملک میں خاندانی نظام کے استحکام اور نوجوانوں کی بہتر تربیت میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔ اس موقع پر صدر پیوٹن نے روسی مادرِ وطن کی آزادی اور دفاع کے لیے لڑنے والے مسلمان فوجیوں کو بھی زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور ملک کے لیے ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔