اے آئی سمٹ احتجاج معاملہ: منیش شرما کو پیشگی ضمانت، کانگریس نے الزامات کو سیاسی قرار دیا

Wait 5 sec.

نئی دہلی میں منعقدہ اے آئی امپیکٹ سمٹ کے دوران احتجاج کے معاملہ میں انڈین یوتھ کانگریس کے قومی انچارج منیش شرما کو عدالت سے پیشگی ضمانت مل گئی ہے۔ پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے اپنے حکم میں ہدایت دی ہے کہ وہ ہفتہ کے روز پولیس کی تفتیش میں شامل ہوں گے۔ اس پیش رفت کے بعد کانگریس نے اس معاملے کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش قرار دیتے ہوئے اپنے رہنما کا دفاع کیا ہے۔کانگریس کا کہنا ہے کہ احتجاج جمہوری حق کے دائرے میں تھا اور اسے غیر ضروری طور پر سنجیدہ بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔ پارٹی کے مطابق، حکومت مخالف آوازوں کو دبانے کے لیے اس طرح کے مقدمات بنائے جا رہے ہیں اور یوتھ کانگریس کے کارکنان کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔دوسری جانب، پولیس کے مطابق یہ احتجاج کسی اچانک ردعمل کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت انجام دیا گیا۔ پولیس کے مطابق اس کا مقصد ایک اہم بین الاقوامی پروگرام کی شبیہ کو متاثر کرنا تھا، جس میں سو سے زائد ممالک نے شرکت کی تھی۔ پولیس کے مطابق منیش شرما اس پورے معاملے کے مرکزی کردار ہیں اور انہوں نے ہی اس احتجاج کی منصوبہ بندی میں کلیدی کردار ادا کیا۔پولیس کے مطابق واقعے سے قبل ایک ریستوراں میں میٹنگ بھی ہوئی تھی، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج تفتیشی ایجنسی کے پاس موجود ہے۔ مزید یہ کہ پولیس کے مطابق منیش شرما نے دیگر افراد کو فون کے ذریعے بلایا اور یوتھ کانگریس کے اندر بھی اس حوالے سے کئی نشستیں منعقد ہوئیں۔واضح رہے کہ اس واقعے کے دن 12 کارکنوں نے احتجاج کیا تھا، جن میں سے 9 نے شرٹ اتار کر نعرے لگائے تھے، جبکہ 4 افراد کو موقع سے گرفتار بھی کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق اس معاملے کی تفتیش جاری ہے اور دیگر ممکنہ کرداروں کی شناخت کی جا رہی ہے۔