رواں ماہ کے آخر میں آئی پی ایل ٹورنامنٹ شروع ہونے والا ہے، لیکن اسے ’وَنڈے عالمی کپ 2027‘ کے لیے بہت اہم تصور کیا جا رہا ہے۔ ایسا اس لیے، کیونکہ وَنڈے عالمی کپ کے لیے ہندوستانی ٹیم میں جگہ بنانے کی کوشش کر رہے کھلاڑیوں کو اپنی کارکردگی سے سلیکٹرس کو متاثر کرنے کا بہترین موقع مل رہا ہے۔ ہندوستانی سلیکٹرس بھی ’ٹی20 عالمی کپ 2026‘ پر قبضہ کے بعد آئندہ سال ہونے والے وَنڈے عالمی کپ کی تیاریوں میں مصروف ہو گئے ہیں۔ ایک بے حد حیران کرنے والی خبر یہ سامنے آ رہی ہے کہ سلیکٹرس نے ان 20 کھلاڑیوں کا انتخاب بھی کر لیا ہے، جو عالمی کپ میں کھیل سکتے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ابھی وَنڈے عالمی کپ میں ایک سال سے زائد عرصہ ضروری باقی ہے، لیکن ہندوستانی سلیکٹرس نے کھلاڑیوں کے سلیکشن کا عمل شروع کر دیا ہے۔ 20 بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کر اب سلیکٹرس آئی پی ایل کے دوران ان سبھی کھلاڑیوں پر نظر رکھنے والے ہیں۔ ذرائع کے حوالہ سے آ رہی خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ اجیت اگرکر کی صدارت والی سلیکشن کمیٹی، جس میں ایس ایس داس، آر پی سنگھ، اجئے راترا اور پرگیان اوجھا شامل ہیں، وہ سبھی کھلاڑیوں پر گہری نظر رکھیں گے۔ یہ سلیکٹرس مبینہ طور پر منتخب 20 کھلاڑیوں کے مقابلوں کے دوران بذات خود اسٹیڈیم میں موجود رہیں گے۔ ان سبھی سلیکٹرس کو اسٹیڈیم اور ٹی وی پر میچ دیکھنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔واضح رہے کہ آئی پی ایل کا آغاز 28 مارچ سے ہو رہا ہے، جبکہ وَنڈے عالمی کپ کا انعقاد اکتوبر-نومبر 2027 میں ہوگا۔ یہ ٹورنامنٹ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نامیبیا میں مشترکہ طور پر کھیلا جائے گا۔ وہاں کی پچ کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہی 20 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے اور اب ان کھلاڑیوں کی کارکردگی کے ساتھ ساتھ ان کی فٹنس پر بھی سلیکٹرس نظر رکھیں گے۔ سلیکٹرس اپنے اپنے شہروں میں ہونے والے میچوں کے دوران اسٹیڈیم میں دیکھے جا سکتے ہیں، جو کھلاڑیوں کے کھیل پر باریک نگاہ رکھیں گے۔ اگرکر ممبئی میں رہتے ہیں، جبکہ شیو سندر داس کولکاتا کے باشندہ ہیں۔ آر پی سنگھ اور اجئے راترا دہلی-این سی آر میں رہتے ہیں۔ اوجھا آئی پی ایل کے کچھ مقابلے بنگلورو میں دیکھیں گے اور کچھ مقابلے حیدر آباد میں دیکھنے کی امید ہے۔رپورٹس پر بھروسہ کریں تو بی سی سی آئی چاہتی ہے کہ ہر سلیکٹر ہر ہفتہ کم از کم ایک میچ ضرور دیکھے جس سے میدان سے ہر ہفتہ 5 میچ کا احاطہ ہو جائے۔ بتایا جا رہا ہے کہ 2028 میں کھیلے جانے والے ٹی20 عالمی کپ اور اس سے پہلے ہونے والے اولمپک کھیلوں کو دیکھتے ہوئے بھی پہلے ہی 20 کھلاڑی سلیکٹ کر لیے گئے ہیں۔ یعنی جلد ہی شروع ہونے والے آئی پی ایل میچوں میں اگر کوئی نیا کھلاڑی ابھر کر سامنے آتا ہے، تو کم از کم وَنڈے عالمی کپ میں اسے موقع ملنے کی امید نہ کے برابر ہے۔