کویت سٹی: کویتی وزارت داخلہ نے حزب اللہ سے تعلق رکھنے والے سیل کو پکڑنے کا دعویٰ کردیا اور کہا گرفتار گروہ میں چودہ کویتی شہری اور دو لبنانی باشندے شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق کویت کی وزارت داخلہ نے حزب اللہ سے تعلق رکھنے والے سیل کو بے نقاب کردیا اور 16 کارندوں کو گرفتار کر لیا گیا۔وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے گروہ میں 14 کویتی شہری اور 2 لبنانی باشندے شامل ہیں۔ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ اس گروہ کا بنیادی مقصد کویت میں بدامنی پھیلانا، حساس معلومات اکٹھی کرنا اور تنظیم کے لیے نئی بھرتیاں کرنا تھا۔سیکیورٹی حکام نے ملزمان کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں ممنوعہ اشیاء برآمد کی ہیں، جن میںجدید ہتھیار اور گولہ بارود، خفیہ کمیونیکیشن ڈیوائسز (مواصلاتی آلات)، حساس مقامات کے نقشے اور منشیات کی بڑی مقدار شامل ہیں۔کویتی وزارتِ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ ملک کی سیکیورٹی، استحکام اور خودمختاری "ریڈ لائن” ہے، جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد ملک کی سالمیت کے لیے بڑا خطرہ تھے، کسی بھی بیرونی عناصر کے تعاون یا حمایت کو آہنی ہاتھوں سے روکا جائے گا تاہم ملزمان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں اور جلد ہی انہیں متعلقہ پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا جائے گا۔کویتی حکام نے اعادہ کیا ہے کہ ملکی سلامتی کے خلاف سازش کرنے والے کسی بھی فرد یا گروہ کے خلاف فوری اور سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔