آپ کس طرف ہیں؟ علی لاریجانی کا دنیا بھر کے مسلمانوں سے سوال

Wait 5 sec.

تہران : ایران کی سیکورٹی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے نام خط میں کہا مسلم دنیا کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ کس طرف ہیں۔تفصیلات کے مطابق ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے نام ایک کھلا خط لکھ دیا۔جس میں انہوں نے حالیہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں مسلم ممالک کے کردار پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔علی لاریجانی نے اپنے خط میں کہا کہ جب ایران پر حملہ ہوا تو مسلم اکثریتی ممالک کی طرف سے وہ حمایت اور یکجہتی دیکھنے کو نہیں ملی جس کی توقع تھی۔انہوں نے خطے کی صورتحال کو دو حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے سوال کیا کہ "آج کی اصل لڑائی میں ایک طرف امریکہ اور اسرائیل ہیں، جبکہ دوسری طرف ایران اور مزاحمتی قوتیں (رزیلینس فورسز) کھڑی ہیں، اب مسلم دنیا کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ کس طرف کھڑی ہے؟”انہوں نے واضح کیا کہ ایران سے یہ توقع رکھنا عبث ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر حملوں کے بعد ہاتھ باندھے خاموش کھڑا رہے گا، ایران اپنی جدوجہد میں ڈٹ کر کھڑا ہے۔علی لاریجانی نے خط میں ان الزامات کی بھی تردید کی کہ ایران خطے پر اپنا تسلط چاہتا ہے۔ انہوں نے لکھا "ایران خطے پر تسلط قائم کرنے کا خواہاں نہیں بلکہ امتِ مسلمہ کو متحد اور بیدار دیکھنا چاہتا ہے۔”سیکریٹری سیکیورٹی کونسل نے اپنے مراسلے کا اختتام اسی چبھتے ہوئے سوال پر کیا کہ تاریخ کے اس اہم موڑ پر جب حق اور باطل کی قوتیں آمنے سامنے ہیں، مسلم ممالک کی ترجیحات کیا ہیں؟