تہران : ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے واضح کیا ہے کہ ایران دھونس اور دباؤ کے آگے سرنڈر نہیں کرے گا، اپنی سرزمین کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ کشیدگی پر ایران کا موقف پوری قوت کے ساتھ واضح کر دیا۔فرانسیسی صدر سے ٹیلی فونک گفتگو اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ ایران کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ حملے کے خلاف دفاع کرنا ہر ملک کا فطری حق ہے اور ایران اپنی سرزمین کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جائے گا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ خطے میں موجود امریکی اڈوں کا ایران کے خلاف استعمال فوری بند کیا جائے، ان اڈوں کے ذریعے ہمسایہ ممالک کے ساتھ ایران کے تعلقات خراب کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ایرانی صدر نے واضح کیا کہ ایران کسی بھی قسم کی دھونس یا دباؤ کے آگے سرنڈر نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ جب تک مستقبل میں حملے نہ ہونے کی ضمانت نہیں ملتی، جنگ ختم کرنے کی بات کرنا بے معنی ہے، صہیونی اور امریکی حملوں کو نظر انداز کر کے خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ایرانی صدر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ایران پر ہونے والے حملوں کی مذمت کرے اور حملہ آوروں کو بین الاقوامی قوانین کا احترام کرنے پر مجبور کیا جائے۔