خرطوم (22 مارچ 2026): خانہ جنگی کا شکار ملک سوڈان کے شہر دارفور میں ٹیچنگ اسپتال پر حملے میں 13 بچوں سمیت 64 افراد جاں بحق ہو گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق خانہ جنگی کا شکار ملک سوڈان کے شہر دارفور کے مشرق میں ایک ٹیچنگ اسپتال پر فضائی حملے 64 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جب کہ ال دین ٹیچنگ اسپتال کو شدید نقصان پہنچا ہے۔عالمی ادارہ صحت کے کے سربراہ نے ٹیچنگ اسپتال پر حملے کی تصدیق کر دی ہے اور کہا ہے کہ اس حملے میں مرنے والوں میں 13 بچوں سمیت طبی عملہ اور دیگر مریض بھی شامل ہیں۔سربراہ ڈبلیو ایچ او کے مطابق سوڈان جنگ میں طبی مراکز پر حملوں میں ہلاکتیں 2000 سے تجاوز کر گئی ہیں۔ 213 حملوں میں اب تک 2036 افراد ہلاک اور 720 سے زائد زخمی ہوئے ہوئے ہیں۔انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ سوڈان میں تشدد کم کرنے کیلیے آگے آئے اور شہریوں کے ساتھ طبی عملے کی جانوں کی حفاظت یقینی بنائے۔