واشنگٹن (22 مارچ 2026): خالصتانی سکھوں نے امریکی شہر سیاٹل میں ری پبلک آف خالصتان کی بنیاد رکھ دی واشنگٹن میں سفارتخانہ قائم کر دیا۔خالصتان تحریک نے امریکی دارالحکومت واشنگٹن کے شہر سیاٹل میں ’’ری پبلک آف خالصتان‘‘کی بنیاد رکھ دی ہے۔ خالصتان ریفرنڈم کی ووٹنگ سے قبل تاریخی گردوارے کے ساتھ سفارت خانے کا قیام عمل میں لایا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق واشنگٹن میں خالصتان سفارتخانے کی افتتاحی تقریب میں بڑے خالصتانی پرچم کی رونمائی کی گئی۔ سابی سنگھ نے کہا کہ یہ سفارتخانہ دنیا بھر کے سکھوں کو متحد کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔تقریب کے دوران خالصتان کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے شرکا پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ اس تقریب میں سکھ کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے خالصتان کے مقصد کیلیے عزم کا اظہار کیا۔دریں اثنا سکھ فار جسٹس کے رہنما گرپتونت سنگھ کا کہنا ہے کہ بھارتی مظالم سکھوں کو ہتھیار اٹھانے پر مجبور کر رہے ہیں اور وہاں سکھ ہتھیار اٹھانے کیلیے تیار ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اب بھی وقت ہے بھارت ہوش کے ناخن لے اور بھارتی پنجاب میں مظالم بند کر کے وہاں خالصتان ریفرنڈم کی اجازت دی جائے۔