اسالوئیہ گیس فیلڈ پر حملے کے بعد ایران نے ردعمل تیز کر دیا۔جنوبی ایران میں گیس تنصیبات پر حملوں کے بعد کشیدگی خطرناک حد تک بڑھ گئی۔ ایران نے امریکا اور صیہونی اتحاد کے خلاف "مکمل معاشی جنگ” شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ایران کا کہنا ہے کہ ہماری توانائی تنصیبات نشانہ بنیں تو خطے کی تمام امریکی تنصیبات ہدف ہوں گی، اب ہماری "ریڈ لائنز بدل چکی ہیں، خلیج میں امریکی مفادات اور توانائی انفراسٹرکچر اب محفوظ نہیں رہیں گے۔قطر نے ایران کے ساؤتھ پارس فیلڈ سے منسلک قدرتی گیس کی تنصیبات پر اسرائیلی حملوں کی سخت مذمت کی ہے۔قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے ان حملوں کو خطرناک اور غیرذمہ دارانہ قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تنصیبات قطر کے نارتھ فیلڈ کا تسلسل ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا عالمی توانائی کی حفاظت، خطے کے عوام اور ماحول کےلیے بڑا خطرہ ہے۔قطر نے تمام فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرنےکا مطالبہ کیا ہے تاکہ خطے کے استحکام کو بچایا جا سکے۔