علی لاریجانی کا اپنی شہادت سے قبل کیا گیا آخری ٹوئٹ سامنے آگیا

Wait 5 sec.

تہران : ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی کا اپنی شہادت سے محض ایک روز قبل کیا گیا آخری ٹوئٹ سامنے آگیا ، جس میں انھوں نے کہا "میں موت کو خوشی کے سوا کچھ نہیں سمجھتا”۔تفصیلات کے مطابق ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری اور اہم رہنما علی لاریجانی امریکی اور صہیونی حملے میں اپنے بیٹے مرتضیٰ سمیت شہید ہو گئے ہیں۔اپنی شہادت سے محض ایک روز قبل علی لاریجانی نے اپنے آخری ٹویٹ میں ایرانی فوج کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا تھا کہ "شہدا کی یاد ہمیشہ ایرانی قوم کے دلوں میں زندہ رہے گی اور یہ شہادتیں اسلامی جمہوریہ کی بنیاد کو مزید مضبوط کریں گی”۔انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ "میں موت کو خوشی کے سوا کچھ نہیں سمجھتا”۔علی لاریجانی کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے بھی ان کی شہادت کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا، ان کے اکاؤنٹ سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ "ایک بندہِ خدا اپنے رب کے پاس شہید کے طور پر پہنچ گیا”۔اسرائیلی فوج نے لاریجانی کی شہادت کا دعویٰ کیا تھا، جس کے بعد تہران کی جانب سے ابتدائی طور پر خاموشی اختیار کی گئی تھی، تاہم اب ایرانی ریاستی میڈیا نے اس کی تصدیق کر دی ہے۔علی لاریجانی کے اکاؤنٹ سے ان کا ایک ہاتھ سے لکھا ہوا نوٹ بھی جاری کیا گیا ہے، جسے ایرانی میڈیا شیئر کر رہا ہے، اس نوٹ میں امریکی حملے میں شہید ہونے والے ایرانی نیوی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی و اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے نیوی اہلکاروں کی نمازِ جنازہ آج متوقع ہے۔