متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کا ایرانی حملوں پر بڑا اعلان

Wait 5 sec.

دبئی : متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے ایرانی حملوں پر بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا اپنے دفاع اور ہر خطرے کا فیصلہ کن جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ نے ایران کی جانب سے کیے جانے والے حالیہ میزائل اور ڈرون حملوں پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ریاست اپنی سرزمین، سلامتی اور سرحدی سالمیت کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جانے اور ہر خطرے کا فیصلہ کن جواب دینے کے لیے مکمل تیار ہے۔وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات اپنے دفاع کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھانے کا قانونی اور اخلاقی حق رکھتا ہے، ملکی سلامتی یا سرحدی سالمیت کے خلاف کسی بھی قسم کی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور قومی مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔اماراتی حکام نے اطمینان دلایا ہے کہ ملک میں سیکیورٹی صورتحال مکمل طور پر مستحکم ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے دفاعی نظام بلند ترین سطح پر الرٹ ہے۔یو اے ای کے نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید نے انکشاف کیا کہ گزشتہ 18 روز کے دوران ایران کی جانب سے 2,000 سے زائد میزائل اور ڈرونز استعمال کیے گئے ہیں۔ایرانی حملوں میں ایئرپورٹس، رہائشی علاقوں اور سویلین تنصیبات کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے، جو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔شیخ عبداللہ بن زاید نے حملوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا، انہوں نے خاص طور پر پاکستان، فلسطین، بنگلہ دیش اور نیپال کے شہریوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان ممالک کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔متحدہ عرب امارات نے مطالبہ کیا ہے کہ ایران سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت فوری طور پر یہ غیر منصفانہ حملے بند کرے، رپورٹ کے مطابق، اب تک دنیا کے 130 سے زائد ممالک نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کیا ہے اور ان حملوں کی مذمت کی ہے۔