تہران (18 مارچ 2026): ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی کی شہادت پر سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے دشمن کو دوٹوک پیغام دے دیا۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے علی لاریجانی کی شہادت کی سرکاری تصدیق کے تقریباً ایک دن بعد بیان جاری کیا ہے۔نیم ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم کی جانب سے جاری بیان میں مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ انہیں علی لاریجانی کی شہادت کی خبر سن کر انتہائی دکھ ہوا۔انہوں نے شہید کو ایک ذہین، پرعزم فرد اور ایران کے سیاسی نظام کی ایک ممتاز شخصیت قرار دیا۔مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ ایسی شخصیت کا قتل بلاشبہ ان کی اہمیت اور اسلام کے دشمنوں کی ان کے خلاف نفرت کی حد کو ظاہر کرتا ہے۔’اسلام دشمنوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ اسلامی نظام کے درخت کی جڑوں میں بہنے والا یہ خون اسے مزید مضبوط بناتا ہے اور یقیناً ہر خون کی ایک قیمت ہوتی ہے جو شہدا کے مجرم قاتلوں کو جلد ہی چکانی پڑے گی۔‘