دبئی : مشرق وسطیٰ کے خام تیل کی قیمتیں تاریخی بلندیوں کو چھو گئی اور یہ دنیا میں سب سے مہنگا تیل بن گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق خبر رساں ایجنسی ‘رائٹرز’ کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ مشرقِ وسطیٰ کے خام تیل کی قیمتوں نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے اور اور اب یہ دنیا میں سب سے مہنگا تیل بن گیا ہے۔جنگی صورتحال کے باعث سپلائی میں ریکارڈ کمی نے قیمتوں کو اس سطح پر پہنچا دیا ہے جو تاریخ میں پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔مئی میں لوڈ ہونے والے کارگو کے لیے دبئی خام تیل کی قیمت 153.25 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی، یہ قیمت 2008 میں برینٹ فیوچرز کی تاریخی بلند ترین سطح (147.50 ڈالر) سے بھی کہیں زیادہ ہے۔عمان کے خام تیل کی قیمت بھی ریکارڈ 147.79 ڈالر فی بیرل کی سطح کو چھو رہی ہے۔رپورٹ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ سے ایشیا کو ہونے والی تیل کی سپلائی میں خطرناک حد تک کمی آئی ہے، رواں ماہ برآمدات گر کر 11.66 ملین بیرل یومیہ رہ گئی ہیں، جو فروری میں تقریباً 19 ملین بیرل یومیہ تھیں۔یہ کمی مارچ 2025 (جنگ سے پہلے کی سطح) کے مقابلے میں تقریباً 32 فیصد بنتی ہے، جو عالمی معیشت کے لیے ایک بڑا جھٹکا ہے۔