نئی دہلی: مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کے اثرات کے درمیان ملک میں مختلف اپوزیشن جماعتوں نے مہنگائی، خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے معاملات پر مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی حالات کا براہ راست اثر ہندوستان پر پڑ رہا ہے، لیکن حکومت اس صورتحال سے نمٹنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راجیو شکلا نے مغربی ایشیا میں جاری تنازعہ پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے اور اسے فوری طور پر رکنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی کشیدگی کے باعث ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جس میں ایل پی جی کی بڑھتی قیمتیں بھی شامل ہیں، اور اس کا بوجھ براہ راست عام عوام پر پڑ رہا ہے۔ ان کے مطابق حکومت کی خارجہ پالیسی میں کمزوریوں کی وجہ سے ملک کو معاشی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔شیو سینا (یو بی ٹی) کی رکن پارلیمنٹ پرینکا چترویدی نے اس معاملے پر وزیر اعظم کے بیان کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں حکومت کو پارلیمنٹ اور عوام کے سامنے واضح موقف رکھنا چاہیے تاکہ کسی بھی قسم کی بے یقینی ختم ہو سکے اور عوام کو صحیح معلومات فراہم کی جا سکیں۔مغربی ایشیا کشیدگی پر فوری بحث نہ کرانے پر اپوزیشن کا پارلیمنٹ سے واک آؤٹ، حکومت پر خاموشی کا الزامعام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے قومی سلامتی سے متعلق فیصلوں میں تاخیر پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ حکومت نے وقت پر اقدامات نہیں کیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دیگر ممالک نے ایران سے بات چیت کے ذریعے اپنے مفادات کا تحفظ کیا، جبکہ ہندوستان اس معاملے میں پیچھے رہ گیا، جس سے خطرات میں اضافہ ہوا۔سماجوادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ راجیو رائے نے بھی حکومت سے وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل بھیجے گئے ہندوستانی طلبہ کی موجودہ صورتحال کیا ہے اور ان کی سلامتی کو کیسے یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی سوال کیا کہ جب عالمی منڈی میں کچے تیل کی قیمتوں میں کمی آئی تھی تو عوام کو راحت کیوں نہیں دی گئی، جبکہ اب قیمتوں میں اضافے کا بوجھ براہ راست عوام پر ڈال دیا گیا ہے۔مغربی ایشیا میں جنگ سے ہندوستان کی معیشت متاثر ہو رہی اور وزیر اعظم مباحثہ سے راہِ فرار اختیار کر رہے: راہل گاندھیاسی دوران عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ راگھو چڈھا نے پارلیمنٹ میں عوامی سہولت سے جڑے دیگر مسائل بھی اٹھائے۔ انہوں نے موبائل ڈیٹا کے استعمال سے متعلق پالیسی میں تبدیلی کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ روزانہ کا بچا ہوا ڈیٹا اگلے دن میں منتقل ہونا چاہیے تاکہ صارفین کو فائدہ ہو۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ہوائی سفر کو عام آدمی کی پہنچ میں رکھنے اور اس کی بڑھتی قیمتوں پر بھی توجہ دلائی۔مجموعی طور پر اپوزیشن جماعتوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مغربی ایشیا کی کشیدگی کے اثرات، بڑھتی مہنگائی، ایندھن کی قیمتوں اور قومی سلامتی جیسے اہم معاملات پر واضح حکمت عملی پیش کرے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے فوری اقدامات کرے۔