بہار اسکول ایجوکیشن بورڈ (بی ایس ای بی) نے 12ویں بورڈ امتحان 2026 کا رزلٹ جاری کر دیا ہے۔ اس میں مجموعی طور پر 85.19 فیصد طلبہ پاس ہوئے ہیں۔ ایک بار پھر لڑکیوں کے پاس ہونے کا تناسب لڑکوں کے مقابلے زیادہ رہا۔ 12 ویں بورڈ امتحان 2026 کے لیے مجموعی طور پر 1317846 طلبہ رجسٹرڈ تھے۔ ان میں 675844 لڑکیوں اور 642002 لڑکوں نے رجسٹریشن کرایا تھا، یعنی لڑکوں کے مقابلے میں لڑکیوں کی تعداد زیادہ تھی۔ حالانکہ گزشتہ 2 سال کے مقابلے میں اس بار پاس ہونے والے طلبہ کی تعداد کم ہے۔BSEB 12th Result 2026: Bihar Board Inter results out, 85.19% students passhttps://t.co/iUyhHxEffa— Hindustan Times (@htTweets) March 23, 2026واضح رہے کہ بہار بورڈ 12 ویں کے نتائج کا اعلان وزیر تعلیم سنیل کمار نے کیا۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ اس بار بھی لڑکیوں کے پاس ہونے کا تناسب لڑکوں کے مقابلے میں زیادہ رہا۔ اس بار لڑکیوں کے پاس ہونے کا تناسب 86.23 فیصد رہا جبکہ لڑکوں کے پاس ہونے کا تناسب 84.09 رہا۔ مجموعی طور پر رواں سال 1317846 طلبہ میں سے 85.19 طلبہ پاس ہوئے ہیں، جبکہ 2025 میں 86.56 فیصد طلبہ پاس ہوئے تھے۔ 2024 میں 87.21 فیصد طلبہ پاس ہوئے تھے، جبکہ 2023 میں 83.73 فیصد طلبہ پاس ہوئے تھے۔قابل ذکر ہے کہ سائنس، کامرس اور آرٹس کو ملا کر کل 26 ٹاپرس کی فہرست سامنے آئی ہے، جس میں 19 لڑکیاں اور 7 لڑکے شامل ہیں۔ یعنی ٹاپرس کے معاملے میں بھی لڑکیاں ہی آگے ہیں۔ شعبہ وار ٹاپرس کی بات کریں تو اس بار سائنس اسٹریم سے کل 7 طلبہ نے ٹاپ کیا ہے، جن میں 5 لڑکیاں اور 2 لڑکے شامل ہیں۔ وہیں آرٹس اسٹریم سے کل 13 طلبہ نے ٹاپ کیا ہے، جس میں 9 لڑکیاں اور 4 لڑکے ہیں۔ اسی طرح کامرس اسٹریم سے 7 طلبہ نے ٹاپ پوزیشن حاصل کی ہے، جس میں 6 لڑکیاں اور صرف 1 لڑکا شامل ہے۔طلبہ اپنے نتائج سرکاری ویب سائٹ biharboardonline.bihar.gov.in پر دیکھ سکتے ہیں۔ بورڈ نتائج کا لنک ایکٹیویٹ کر دے گا، جس سے امیدوار بغیر کسی تاخیر کے اپنے اسکور آن لائن دیکھ سکیں گے۔ اپنے نتائج دیکھنے کے لیے طلبہ کو رزلٹ پورٹل پر اپنا رول نمبر اور رول کوڈ درج کرنا ہوگا۔ اس کے بعد انہیں کیپچا کوڈ ڈالنا ہوگا۔ نتائج جاری ہونے کے بعد طلبہ اپنی مارک شیٹ کی جانچ ضرور کریں۔ اس کے بعد اگر کوئی بھی غلطی نظر آئے تو فوری طور پر اسکول یا بورڈ سے رابطہ کریں۔