تہران (17 مارچ 2026): پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل سید مجید موسوی نے امریکا اور اسرائیل پر نئے تباہ کن حملے شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بریگیڈیئر جنرل سید مجید موسوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ خطے بھر میں ایرانی قوم کے سپاہیوں کی جانب سے امریکی اور صیہونی دشمن کے خلاف اثر انگیز اور تباہ کن ضربوں کے ایک نئے ٹیکٹیکل مرحلے کا آغاز ہو چکا ہے۔سید مجید موسوی نے ایران میں امریکی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف ہونے والے ملک گیر مظاہروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دشمن کی کمر سڑکوں اور میدان جنگ دونوں جگہوں پر توڑ دی جائے گی۔واضح رہے کہ یہ بیان ایرانی مسلح افواج کی جانب سے خطے میں امریکی فوجی اثاثوں اور اسرائیلی مقبوضہ علاقوں میں مختلف مقامات کو نشانہ بنانے والے میزائل اور ڈرون حملوں کے تسلسل کے دوران سامنے آیا۔پاسداران اور ایرانی فوج نے آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت سینکڑوں میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں جن کا مقصد 28 فروری سے شروع ہونے والی امریکی اور اسرائیلی جارحیت کا بدلہ لینا ہے۔اس سے قبل پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آپریشن وعدہ صادق 4 کے تازہ ترین حملے علی الصبح شروع کیے گئے، ان میں انتہائی وزنی اور درست ہدف کو نشانہ بنانے والے سسٹمز، کثیر وار ہیڈ میزائل اور تباہ کن ڈرونز کا استعمال کیا گیا تاکہ امریکی اور اسرائیلی دشمن کے زیر کنٹرول اہداف کو نشانہ بنایا جا سکے۔