ایل پی جی بحران: ’یہ کمزور اور دباؤ میں چلنے والی خارجہ پالیسی کا نتیجہ‘، راہل گاندھی نے پھر پی ایم مودی کو ٹھہرایا ذمہ دار

Wait 5 sec.

مرکزی حکومت بھلے ہی دعوے کر رہی ہے کہ ایل پی جی بحران صرف لوگوں میں پھیلائی گئی گمراہی کا نتیجہ ہے، لیکن حقیقت یہی ہے کہ ملک کی کئی ریاستوں میں ایسے لوگ نکل کر سامنے آ رہے ہیں جہاں کئی دنوں سے کھانا نہیں بن پایا ہے۔ سوشل میڈیا پر کئی ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں، جن میں قطار بند لوگ پریشان حال دکھائی دے رہے ہیں۔ وہ ایل پی جی سلنڈر کی کالابازاری کی شکایت کر رہے ہیں اور گھنٹوں لائن میں لگنے کے بعد بھی خالی ہاتھ واپسی پر مایوسی بھی ظاہر کر رہے ہیں۔ اس معاملہ میں ایک بار پھر لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے موجودہ حالات کے لیے پوری طرح سے وزیر اعظم مودی کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’فیس بک‘ پر ایک پوسٹ جاری کی ہے، جس میں لکھا ہے کہ ’’ملک میں ایل پی جی بحران گہراتا جا رہا ہے، لیکن مودی حکومت حل تلاش کرنے کی جگہ جھوٹے فسانے، سوال پوچھنے والوں کو طعنے اور نئے نئے بہانے دے رہی ہے۔‘‘ انھوں نے اس پوسٹ کے ساتھ ویڈیو بھی شیئر کی ہے، جس میں موجودہ خراب حالات اور عوام کی پریشانی کو دکھایا گیا ہے۔