سابق مایہ ناز ہندوستانی اسپنر روی چندرن اشون جلد ہی ’بگ بیش لیگ‘ (بی بی ایل) میں جلوہ بکھیرتے ہوئے نظر آئیں گے۔ بی بی ایل ٹیم سڈنی تھنڈر نے اشون کو سائن کر لیا ہے۔ اشون بگ بیش لیگ میں کھیلنے والے پہلے ہندوستانی کرکٹر ہوں گے۔ رواں سال بین الاقوامی کرکٹ اور آئی پی ایل کو خیرباد کہنے والے 39 سال کے روی چندرن اشون 14 دسمبر سے 25 جنوری تک ہونے والے بی بی ایل کے دوسرے ہاف کے لیے دستیاب ہوں گے۔ یعنی وہ مکمل ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لیں گے، بلکہ ٹورنامنٹ کے درمیان میں سڈنی تھنڈر سے جڑیں گے۔Sydney Thunder is set to make some huge tweaks to their security, after landing the biggest signature in Big Bash history. The club beat eight others to get Indian legend Ravichandran Ashwin in the lime green and the expectation is it will be chaos when he's here. pic.twitter.com/7xSP122sIp— 10 News (@10NewsAU) September 26, 2025’کرکٹ ڈاٹ کام ڈاٹ اے یو‘ نے اشون کے حوالے سے کہا کہ ’’سڈنی تھنڈر میرے استعمال کے بارے میں واضح تھے۔ ان کے ساتھ میری بات چیت بہت اچھی رہی اور ہم اپنے کردار کو لے کر مکمل طور پر متفق ہیں۔ مجھے ڈیو (ڈیوڈ وارنر) کا کھیل بہت پسند ہے۔ میں ٹیم کے لیے پرفارم کرنے کو بے تاب ہوں۔‘‘ دوسری جانب سڈنی تھنڈر کے جنرل منیجر ٹرینٹ کوپ لینڈ نے اسے بی بی ایل کی تاریخ میں سب سے بڑا معاہدہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’مجھے لگتا ہے یہ بی بی ایل کی تاریخ میں یقیناً سب سے بڑا قرار ہے۔ پہلا عظیم ہندوستانی اور کھیل کا آئیکن۔ وہ ایک نہایت ہی مسابقتی کھلاڑی ہے۔‘‘قابل ذکر ہے کہ اشون بی بی ایل میں کھیلنے والے پہلے ہندوستانی مرد کرکٹر ہوں گے۔ ہندوستان میں پیدا ہونے والے انمکت چند اور نکھل چودھری بیرون ملک منتقل ہونے کے بعد بی بی ایل میں کھیلے تھے۔ اشون بگ بیش لیگ سے قبل ایک دیگر غیر ملکی لیگ میں بھی کھیلتے ہوئے نظر آ سکتے ہیں۔ اشون آئی ایل ٹی-20 نیلامی میں شامل ہوئے ہیں۔ آئندہ سال 4 جنوری کو لیگ کے ختم ہونے کے بعد وہ بی بی ایل کے دوسرے ہاف میں سڈنی تھنڈر سے جڑیں گے۔واضح رہے کہ بی سی سی آئی کے اصول کے مطابق کوئی بھی فعال کھلاڑی اس وقت تک غیر ملکی لیگ نہیں کھیل سکتا ہے، جب تک کہ وہ قومی ٹیم یا آئی پی ایل ٹیم سے منسلک ہو۔ اگر کوئی کھلاڑی قومی ٹیم اور آئی پی ایل سے ریٹائرمنٹ لے لیتا ہے تو اس کے بعد وہ غیر ملکی لیگ میں حصہ لینے کا اہل ہو سکتا ہے۔