چھتیس گڑھ: رائے پور میں اسٹیل پلانٹ کی چھت گرنے سے اندوہناک حادثہ؛ 6 مزدوروں سمیت اے جی ایم ہلاک، کئی شدید زخمی

Wait 5 sec.

چھتیس گڑھ کی راجدھانی رائے پور میں ایک المناک حادثے نے پورے علاقے کو صدمے میں ڈال دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق سلتارا چوکی علاقے میں واقع زیر تعمیر گوداوری اسٹیل پاور پلانٹ میں جمعہ کی شام ایک بڑا سانحہ پیش آیا۔ کام کے دوران اچانک پلانٹ کے ایک حصہ کی چھت گرنے سے کم از کم 6 مزدور موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ دس سے زیادہ مزدور شدید زخمی ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں میں کمپنی کے اسسٹنٹ جنرل مینیجر (اے جی ایم) بھی شامل ہیں، جبکہ جنرل مینیجر (جی ایم) شدید زخمی حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہیں۔حادثہ اس وقت پیش آیا جب پلانٹ کے اندر تعمیراتی سرگرمیاں جاری تھیں۔ عینی شاہدین کے مطابق اچانک ایک زوردار دھماکے کی آواز آئی اور پھر عمارت کا ایک بڑا حصہ زمین بوس ہو گیا۔ مزدور ملبے میں دب گئے۔ مزدوروں نے ایک دوسرے کی مدد سے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کی کوشش کی لیکن اس دوران حالات مزید خراب ہو گئے اور چاروں طرف افراتفری مچ گئی۔اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں۔ ایمرجنسی سروسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملبے میں دبے افراد کو باہر نکالا اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔ اسپتال کے ڈاکٹروں کے مطابق 6 افراد کو مردہ قرار دیا گیا جبکہ کئی مزدور آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔رائے پور کے ایڈیشنل ایس پی لکھن پٹیل نے میڈیا کو بتایا کہ ’’گوداوری اسٹیل پاور پلانٹ میں کام کے دوران دیوار گرنے سے بدقسمتی سے 6 مزدوروں کی موت ہوئی ہے، جبکہ دیگر کئی شدید زخمی ہیں۔ مرنے والوں میں پلانٹ کے اے جی ایم بھی شامل ہیں۔ جی ایم بھی زخمی ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ حادثے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے پولیس نے باضابطہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ابتدائی جانچ کے مطابق عمارت کے ڈھانچے میں کمزوری کو حادثے کی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ کسی بھی قسم کی لاپرواہی کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔ ایک سینئر پولیس افسر نے کہا، ’’ہم شواہد اکٹھے کر رہے ہیں اور گواہوں کے بیانات لے رہے ہیں۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد قصورواروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔‘‘