قاہرہ : مصر کے علاقے اسوان میں ایک شادی کی تقریب اُس وقت قیامت صغریٰ کا منظر پیش کرنے لگی جب دولہا دلہن کے ساتھ رقص کرتے ہوئے اچانک دم توڑ گیا۔دولہا جس کا نام اشرف ابو حکیم بتایا گیا ہے شادی کی تقریب کے دوران اپنی دلہن کا ہاتھ تھامے رقص کررہا تھا کہ اچانک زمین پر گر پڑا اور چند لمحوں میں دیکھتے ہی دیکھتے دنیا سے چل بسا۔یہ افسوسناک واقعہ گزشتہ روز جمعرات کی شب پیش آیا۔ شادی کی تقریب زور و شور سے جاری تھی جو اچانک جنازے میں تبدیل ہوگئی۔وہاں موجود مہمانوں نے فوری طور پر اس کو فرسٹ ایڈ پہنچائی لیکن تمام تر کوششوں کے باوجود ناکام رہے۔ بعد ازاں ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ اشرف کی موت دل کا دورہ پڑنے سے واقع ہوئی ہے۔واقعے سے چند لمحے قبل شادی ہال میں ڈھول، موسیقی اور قہقہے گونج رہے تھے کچھ ہی دیر میں وہاں اب چیخ و پکار، آہ و زاری اور سناٹا چھا گیا۔میاں بیوی کی زندگی کے نئے سفر کی یہ تقریب چند منٹوں میں ایک انسانی المیہ بن گئی جس نے سب کو رلا دیا اور دلہا نوجوان اشرف ابو حکیم ایک ہی جھٹکے میں دنیا کو چھوڑ گیا۔