برطانیہ : مسلمان خاندان کو ہراساں کرنے کے لیے حرام اور نجس جانور کا استعمال

Wait 5 sec.

ایسیکس : برطانیہ میں ایک مسلمان خاندان اس وقت شدید صدمے اور خوف سے دوچار ہوگیا جب انہوں نے اپنے گھر کے دروازے کے باہر حرام اور نجس جانور خنزیر کا خون آلود سر پڑا ہو دیکھا۔متاثرہ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ایک انتہائی خوفناک نفرت انگیز جرم ہے، یہ کریہہ اور ناپاک عمل خاص طور پر بحیثیت مسلمان ہمیں ہراساں کرنے کیلیے کیا گیا ہے۔اس حوالے سے رضوی خاندان کے ایک فرد نے پولیس اور میڈیا کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ یہ واقعہ 14 ستمبر کی صبح پیش آیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ عمل دانستہ طور پر کیا گیا ہے کیونکہ ہم اپنے محلے میں واحد مسلمان خاندان ہیں اور ہمارے گھر کی دہلیز پر خنزیر کا سر اور خون دیکھنا ایک نہایت افسوسناک اور خوفناک منظر تھا۔متاثرہ مسلمان خاندان کی ایک خاتون نے کہا کہ انتہا پسند عناصر ہمیں خوفزدہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کیلیے ہمارا مطالبہ ہے کہ ہمیں فوری طور پر تحفظ فراہم کیا جائے اور اس عمل میں ملوث افراد کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری طرح کی دیگر اقلیتی برادریاں گزشتہ طویل عرصے سے اس ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالتی چلی آئی ہیں لہٰذا حکومت کا فرض ہے کہ فوری کارروائی کی جائے تاکہ ہم عزت اور سلامتی کے ساتھ اپنی زندگیاں گزار سکیں۔اس حوالے سے پولیس حکام نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں قریبی علاقے ایپنگ میں مہاجرین کے ایک ہوٹل میں قیام پر مظاہرے ہوئے، جس سے علاقے میں کشیدگی بڑھی ہے، تاہم اس نوعیت کا واقعہ پہلی بار سامنے آیا ہے۔ جسکی مکمل تحقیقات کی جارہی ہیں تاکہ ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے۔