بیروت (28 ستمبر 2025): حزب اللہ نے لبنانی حکومت کا غیر مسلح ہونے کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے اسرائیل کے خلاف مزاحمت جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے اعلان کیا کہ ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔ انہوں نے یہ اعلان اسرائیل کے بیروت پر حملے میں شہید ہونے والے حسن نصر اللہ کی پہلی برسی پر کیا۔قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ہفتے کے روز لبنان کے دارالحکومت بیروت میں حسن نصراللہ کی قبر پر جمع ہونے والے ہزاروں افراد سے خطاب کرتے ہوئے نعیم قاسم نے وعدہ کیا کہ حزب اللہ اپنی فوجی صلاحیتوں کو برقرار رکھے گی۔نعیم قاسم نے کہا کہ ہم کبھی بھی اپنے ہتھیار نہیں چھوڑیں گے اور نہ ہی ان سے دستبردار ہوں گے، حزب اللہ اسرائیل کے کسی بھی منصوبے کا مقابلہ کرتی رہے گی۔یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب لبنان کی حکومت حزب اللہ سے غیر مسلح ہونے کا مطالبہ کر رہی ہے۔رواں ہفتے بیروت کے ساحل پر چٹانوں پر حسن نصر اللہ اور ان کے ممکنہ جانشین ہاشم صفی الدین کی تصاویر آویزاں کی گئیں۔ واضھ رہے کہ ہاشم صفی الدین بھی اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہوئے تھے۔ہفتے کے روز ہزاروں مرد، خواتین اور بچے سیاہ لباس پہنے حسن نصر اللہ کی قبر کے اطراف جمع ہوئے، بیشتر افراد نے شہید رہنماؤں کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔ ایران کے سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔