اسرائیل نے گلوبل صمود فلوٹیلا کو روکنے کیلیے اسپیشل بحری کمانڈوز کو ٹاسک دے دیا

Wait 5 sec.

تل ابیب (27 ستمبر 2025): اسرائیل نے غزہ کی جانب رواں پُرامن گلوبل صمود فلوٹیلا کو روکنے کیلیے اسپیشل بحری کمانڈوز کی خدمات حاصل کر لیں۔قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی چینل 12 نے خبر نشر کی کہ ایسے عسکری منصوبے کی تفصیلات موصول ہوئی ہیں جس کا مقصد گلوبل صمود فلوٹیلا کو سمندر میں روکنا ہے۔خبر کے مطابق گلوبل صمود فلوٹیلا کو اسپیشل بحری یونٹ شائیت 13 کے کمانڈوز روکیں گے۔ وہ قافلے پر سوار پُرامن کارکنوں کو حکم دیں گے کہ وہ اپنے جہاز چھوڑ کر اسرائیلی کشتیوں پر منتقل ہو جائیں۔یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کی گلوبل صمود فلوٹیلا کو کھلی دھمکیچینل 21 کے مطابق جو افراد اپنے جہاز نہیں چھوڑیں گے انہیں زبردستی گرفتار کر لیا جائے گا، بعدازاں خالی جہازوں کو ضبط یا سمندر میں ہی تباہ کیا جائے گا۔اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کے قومی سلامتی کے وزیر ایتامار بن گویر نے چند روز قبل کہا تھا کہ وہ گلوبل صمود فلوٹیلا میں شامل تمام کارکنوں کو ’دہشتگرد‘ قرار دیں گے اور انہیں اسی کے مطابق انصاف کے نظام سے گزارا جائے گا۔گلوبل صمود فلوٹیلا غزہ کی جانب رواں ہے جس کا بنیادی مقصد اسرائیلی محاصرہ توڑ کر مظلوم فلسطینیوں تک خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء پہنچانا ہے۔بحری جہازوں کے قافلے پر 44 ممالک کے انسانی حقوق کے کارکن، سیاستدان و دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سوار ہیں۔ فلوٹیلا میں رہنما جماعت اسلامی پاکستان و سابق سینیٹر مشتاق احمد خان بھی سوار ہیں۔