لندن : ریجنٹس پارک کی مرکزی شاہراہ پر گزشتہ روز ہونے والا جھگڑا اس وقت دہشت ناک صورت اختیار کرگیا جب لڑائی کے دوران ایک کار نے جھگڑا کرنے والے افراد کو روند ڈالا۔یہ واقعہ لندن کی سینٹرل مسجد کے قریب پارک روڈ پر پیش آیا جہاں چار افراد سڑک کے بیچوں بیچ کسی بات جھگڑا کررہے تھے۔عینی شاہدین کے مطابق جھگڑے میں مکوں اور لاتوں کے ساتھ ساتھ چاقو بھی استعمال کیا گیا، جس نے اردگرد موجود لوگوں کو خوفزدہ کر دیا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔�عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ 4 افراد سڑک کے بیچ میں ایک دوسرے پر مکوں اور لاتوں سے حملہ آور تھے، اس دوران کچھ افراد کے ہاتھوں میں چاقو بھی دیکھے گئے جس سے وہ ایک دوسرے پر حملہ کررہے تھے۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جھگڑے کے دوران ایک سیاہ رنگ کی بی ایم ڈبلیو کار اچانک تیز رفتاری سے آئی اور دو افراد کو روند ڈالا جس سے مزید افراتفری پھیل گئی۔اس دوران ایک زخمی شخص جب اٹھنے کی کوشش کر رہا تھا تو اس پر دوبارہ چاقو سے حملہ کیا گیا، جبکہ دوسرا حملہ آور اُسے زمین پر دھکیل کر لاتوں سے مارتا رہا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ہنگامہ آرائی کے باعث سڑک پر ٹریفک مکمل طور پر جام ہوگیا۔ کوچز اور بسیں کافی دیر تک سڑک پر رکی رہیں، جبکہ خوفزدہ راہ گیر بھی یہ منظر دیکھتے رہے۔میٹرو پولیٹن پولیس کے مطابق چاقو کے وار سے زخمی ایک شخص کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے 30سالہ ملزم کو ہنگامہ آرائی کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔واضح رہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں لندن میں چاقو زنی کے جرائم میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال صرف لندن میں ایسے واقعات کی شرح میں 58 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔