ہماچل پردیش میں ہولناک سڑک حادثہ: 22 مسافروں سے بھری بس کھائی میں جا گری، 4 افراد ہلاک

Wait 5 sec.

ہماچل پردیش کے ضلع کلو میں ایک سیاحتی گاڑی خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی۔ یہ حادثہ بنجار پولیس تھانہ علاقے کے تحت سوجھا کے قریب پیش آیا، جب ایک گاڑی بے قابو ہو کر سڑک سے کئی فٹ نیچے گہری کھائی میں جا گری۔ اس واقعے نے ایک بار پھر پہاڑی علاقوں میں سڑکوں کی حفاظت اور ڈرائیونگ کے معیار پر سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق گاڑی جس کا نمبر یہ بتایا جا رہا ہے DL1BC 4958 میں کل 22 افراد سوار تھے، جن میں زیادہ تر سیاح شامل تھے۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ گاڑی کے کھائی میں گرنے کے بعد موقع پر چیخ و پکار مچ گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (DDMA) کلو اور پولیس کی ٹیمیں فوراً جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔بچاؤٹیموں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں 22 میں سے 18 افراد کو بحفاظت کھائی سے نکال لیا گیا۔ تاہم، ڈپٹی کمشنر انوراگ چندر نے تصدیق کی ہے کہ اس المناک حادثے میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے، جن میں 2 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں۔تمام زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال بنجار منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کی ٹیم ان کا علاج کر رہی ہے۔ حکام کے مطابق اب ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کلو کے مطابق یہ ریسکیو آپریشن ضلعی انتظامیہ، پولیس، محکمہ مال، فائر بریگیڈ، محکمہ صحت اور مقامی لوگوں کے باہمی تعاون سے انجام دیا گیا۔ مقامی افراد نے بھی امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، جس کی ہر طرف تعریف کی جا رہی ہے۔