تہران (04 اپریل 2026): ایران نے آپریشن وعدہ صادق چار کے تحت حملوں کی 93 ویں لہر میں شمالی اور وسطی مقبوضہ علاقوں میں اسرائیلی جنگی امدادی مراکز پر تباہ کن حملے کیے ہیں۔پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ اس نے 3 عرب ریاستوں میں قائم امریکی فوجی اڈوں پر تازہ ڈرون حملے کیے ہیں، اردن میں امریکی فوج کے گودام پر ڈرون حملہ کیا گیا، کویت میں موجود امریکی بٹالین پر اور بحرین میں امریکی فوج کی مدد کرنے والی ایلومینیم فیکٹری کو نشانہ بنایا گیا۔ایرانی فوج کے مطابق بحرین میں ایلومینیم فیکٹری امریکی فوج کو سامان فراہم کرتی ہے، یہ کارروائی ایران میں شہری بنیادی ڈھانچے پر حملوں کے جواب میں کی گئی، پاسداران نے کہا کہ دشمن کے اقدام کا توقعات سے بڑھ کر جواب دیا جائے گا۔ادھر اسرائیلی علاقوں مغربی گلیلی، حیفا، کفرکنہ اور کرائیوٹ پر گائیڈڈ میزائل داغے گئے، ایرانی فورسز نے گائیڈڈ میزائلوں کے ذریعے اہداف کو درستگی سے نشانہ بنایا، یہ حملے بحریہ کے شہید ریئر ایڈمرل علی رضا تنگسیری کی یاد میں کیے گئے۔ ایرانی میزائل حملوں کے بعد شمالی اسرائیل میں سائرن بج اٹھے۔اسرائیل ایران جنگ سے متعلق تمام خبریں یہاں پڑھیں93 ویں لہر میں اسرائیلی سپورٹ سینٹرز کو نشانہ بنایا گیا، ترجمان نے کہا کہ شمالی اور وسطی مقبوضہ علاقوں میں اسرائیلی جنگی امدادی مراکز پر حملے کیے گئے۔ حملوں میں نیگیو کے صنعتی علاقے اور وسطی اسرائیل کی متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا، روش ہائین اور پیتاہ تکوا میں عمارتوں کو نقصان پہنچا جب کہ تل ابیب کی متعدد جگہیں بھی متاثر ہوئیں۔دوسری جانب مشرقی تہران میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، امریکا اور اسرائیل کے تہران میں تازہ فضائی حملوں میں 3 افراد شہید ہو گئے۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسرائیل اور امریکا نے ایران پر 206 حملے کیے، اور 13 صوبوں کو نشانہ بنایا گیا۔ایرانی وزارتِ صحت کے مطابق جنگ کے آغاز کے بعد سے اب تک شہدا کی تعداد 2000 سے تجاوز کر گئی ہے، 26 ہزار سے زائد زخمی ہوئے، 600 سے زائد اسکولوں اور تعلیمی اداروں کو بھی نقصان پہنچا۔