چپس کھانا تقریباً ہر شخص کو پسند ہے یہ مختلف ذائقوں میں مارکیٹ میں دستیاب ہے مگر اب پہلی بار بجلی کا کرنٹ مارتے چپس متعارف کرائے گئے ہیں۔آلو اور کارن سے بنائے گئے چپس دنیا بھر میں لوگ شوق سے کھاتے ہیں۔ مارکیٹ میں مختلف معروف کمپنیاں منفرد اور چٹ پٹے ذائقے متعارف کراتی رہتی ہیں۔ مگر اب جو چپس مارکیٹ میں متعارف کرایا گیا ہے وہ زبان کو چٹخارا نہیں بلکہ بجلی کا جھٹکا دے گا۔جی ہاں ایک عالمی شہرت یافتہ چپس بنانے والی کمپنی نے حال ہی میں کارن سے بنائے گئے یہ منفرد چپس تیار کر کے مارکیٹ میں متعارف کرائے ہیں جو کھانے پر زبان کو بجلی کا جھٹکا دیتے ہیں۔کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ چپس اس مقصد کے تحت تیار کیے گئے ہیں تاکہ لوگ کھاتے وقت بجلی کے ہلکے جھٹکے جیسے کرنٹ کا مزا لے سکیں۔رپورٹ کے مطابق اس چپس کی تیاری میں 9 وولٹ کی بیٹری جتنا کرنٹ رکھا گیا ہے اور یہ محدود ایڈیشن میں فی الحال نیدرلینڈ میں ہی دستیاب ہیں۔ تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ جلد یہ یورپ سمیت دیگر ممالک میں بھی فروخت کے لیے پیش کر دیے جائیں گے۔بجلی کا کرنٹ جیسا جھٹکا دینے والا یہ مخصوص ذائقہ بنانے کے لیے سوڈیم بائیکاربونیٹ اور سٹریک ایسڈ ستعمال کیا گیا ہے تاکہ زبان میں بیٹری جیسا چبھنے والا ذائقہ پیدا کیا جاسکے جبکہ مخصوص قسم کے نمک سے اس کو ایک دھاتی فلیور دیا گیا ہے۔تاہم یہ چپس کھانے والے افراد کا دعویٰ ہے کہ چپس کھانے سے بجلی کی طرح کا ہلکا جھٹکا ضرور محسوس ہوتا ہے، تاہم یہ اصل 9 بیٹری سے کم شدت کا ہوتا ہے۔