واشنگٹن : 2002سالٹ لیک سٹی کے بعد امریکا میں پہلی بار سال 2028 میں اولمپکس منعقد ہوں گے،صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹاسک فورس کے قیام کیلئے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کردیے۔تفصیلات کے مطابق لاس اینجلس اولمپکس کیلئے خصوصی حکومتی اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے، صدر ٹرمپ نے امریکا میں2028اولمپکس کیلئے ٹاسک فورس قائم کردی ہے۔وائٹ ہاؤس ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹاسک فورس گیمز کی تیاری، سیکیورٹی اورانتظامات کی نگرانی کرے گی، 3سال بعد ہونے والے اولمپکس کیلئے منصوبہ بندی شروع کردی گئی ہے، یہ صدرٹرمپ کی دوسری مدت صدارت کا اہم ایونٹ ہے۔اس حوالے سے امریکی صدرٹرمپ نے لاس اینجلس اولمپکس سے متعلق تقریب سے خطاب کیا۔ صدرڈونلڈ ٹرمپ نے امریکامیں 2028 میں ہونے والے اولمپکس کیلئے ٹاسک فورس کے قیام کیلئے ایگزیکٹو آرڈر پردستخط کردیے۔انہوں نے کہا کہ 2028اولمپکس امریکا کی تاریخ کااہم موڑ ہوگا، لاس اینجلس گیمز کا شدت سے انتظار ہے، اگلے سال فیفا ورلڈ کپ ہے اور اس کے بعد اولمپکس ہوں گے، ہرمیدان کی طرح اولمپکس میں بھی امریکا کی حکمرانی قائم ہے، امریکی کھلاڑیوں سے زیادہ آج تک کسی نے گولڈ میڈل نہیں جیتے۔واضح رہے کہ اس سے قبل امریکا نے 1904 میں سینٹ لوئس، 1932 اور 1984 میں لاس اینجلس، اور 1996میں اٹلانٹا میں اولمپک کھیلوں کی میزبانی کی تھی۔تاہم، 2028 کے اولمپکس کے علاوہ امریکا میں 2026 کے سرمائی اولمپک کھیلوں کے لیے بھی بولی لگائی گئی تھی لیکن یہ میزبانی اٹلی کو دے دی گئی۔ لہٰذا اب سال 2028 کے اولمپکس لاس اینجلس میں منعقد ہوں گے۔