طوطے کے ایک جملے نے منشیات گینگ کو جیل بھجوا دیا، حیران کن واقعہ

Wait 5 sec.

باتیں کرنے والے ایک طوطے نے منشیات کے ایک بڑے گینگ کو رنگے ہاتھوں پکڑوا دیا، اس کے ایک جملے سے پوری منشیات مافیا جیل پہنچ گئی۔یہ حیران کن واقعہ برطانیہ کے شہر بلیک پول میں پیش آیا کہ جہاں پولیس نے ایک طوطے کی مدد سے منشیات کے گینگ کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق اس کامیابی کا سہرا ایک بولنے والے طوطے کے سر جاتا ہے، اس طوطے کا نام مینگو تھا، جو نہ صرف باتیں کرتا تھا بلکہ نشہ بیچنے کے لیے جملے بھی دہراتا تھا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ہوا کچھ یوں کہ پولیس نے ایک گھر پر چھاپہ مارا تو وہاں سے کوکین، ہیروئن، نقدی اور فون برآمد ہوئے۔اسی کے ساتھ ایک ویڈیو بھی ملی جس میں گینگ لیڈر ایڈم گارنیٹ کی گرل فرینڈ شینن ہلٹن اپنے طوطے کو ایک بچے کے سامنے یہ سکھا رہی تھی کہ "ٹو فار 25” (یعنی دو چیزیں 25 پاؤنڈ میں) یہ منشیات بیچنے کا کوڈ تھا۔ایک اور ویڈیو میں مینگو نوٹوں سے کھیل رہا تھا جو نشے کے کاروبار سے کمائے گئے تھے۔اصل کہانی تب شروع ہوئی جب جیل میں پہلے سے سزا کاٹ رہے ایڈم گارنیٹ کے سیل کی تلاشی کے دوران کئی موبائل فون اور وائی فائی راؤٹرز ملے۔تفتیش سے پتا چلا کہ وہ جیل کے اندر بیٹھ کر اپنے 14 ساتھیوں کو ہدایات دے رہا تھا، پولیس کو اس کے نائب دلبیر سندھو اور جیسن گیرینڈ اور گرل فرینڈ شینن ہلٹن کے گھروں سے منشیات، نقدی اور مزید ثبوت ملے۔مزید ویڈیوز میں ہلٹن اور گارنیٹ کے درمیان ویڈیو کالز کے شواہد بھی ملے جس سے ملزمان کیخلاف گھیرا مزید تنگ ہوگیا اور ان کیلیے جھوٹ بولنا ممکن نہیں رہا، بالآخر عدالت کے سامنے تمام ملزمان کو اعتراف جرم کرنا پڑا۔بعد ازاں عدالت نے تمام ملزمان کو سخت سزائیں سنا دیںم جس میں گینگ کے سرغنہ ایڈم گارنیٹ کو 19 سال 6 ماہ قید (پہلی 15 سال کی سزا کے بعد) شینن ہلٹن کو 12 سال قید۔ دلبیر سندھو کو 10سال قید اور جیسن گیرینڈ کو 8 سال 3 ماہ قید کی سزا دی گئی ہے۔