راجستھان کے جودھپور سے سنچور جا رہی ایک پرائیویٹ بس بالوترا ضلع کے کلیان پورعلاقے میں خوفناک سڑک حادثے کا شکار ہو گئی۔ سروڈی گاؤں کے قریب اوور ٹیک کرتے ہوئے بس ٹریلر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 6 لوگوں کی موت ہوگئی اور 7 سے زائد مسافر زخمی ہو گئے۔خبرکے مطابق حادثے میں بس کا ڈرائیور کی طرف کا حصہ پوری طرح تباہ ہو گیا۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ بس کے سلیپر کوچ کے شیشے ٹوٹ کر اندر بکھر گئے اور کئی مسافراس میں پھنس گئے۔ مقامی گاؤں والوں نے فوری جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ ایمرجنسی گیٹ اور ٹوٹے شیشے کے ذریعے مسافروں کو باہر نکالا گیا۔راجستھان کے بُندی میں خوفناک سڑک حادثہ، پیدل جا رہے لوگوں پر پلٹ گیا ٹرک، 2 کی موت، متعدد زخمیزخمیوں کو ابتدائی طور پر بالوترا میں ابتدائی طبی امداد دی گئی اور بعد میں شدید زخمیوں کو جودھپور کے ایم ڈی ایم اسپتال ریفر کر دیا گیا۔ اے سی پی چھوی شرما کے مطابق حادثے میں 6 لوگوں کی موت کی تصدیق ہو گئی ہے۔ وہیں پوکرن کے سرکاری اسپتال میں نرسنگ اسٹاف کے ایک رکن دھارو رام نے بتایا کہ وہ اپنے خاندان کے ساتھ گھر واپس آرہے تھے۔ اس حادثے میں اس کے 2 بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے، جب کہ اس کی بیوی شدید زخمی ہو گئی اور اس کا ایک پیر کاٹنا پڑا ہے۔چشم دید رمیش وشنوئی نے بتایا کہ بس تیز رفتاری سے چل رہی تھی۔ حادثے کے بعد انہوں نے ایمرجنسی گیٹ کھول کر کئی مسافروں کو باہر نکالا۔ قابل ذکر ہے کہ جیسلمیر بس میں آتشزدگی سانحہ کے بعد حکومت کی ہدایت پر پرائیویٹ بسوں میں ایمرجنسی گیٹ لگانا لازمی قرار دیا گیا تھا۔ اس حادثے میں وہی ایمرجنسی گیٹس کئی مسافروں کی جان بچانے میں اہم ثابت ہوئے۔