ٹی-20 ورلڈ کپ: ہندوستان کی سنسنی خیز جیت، ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں داخل

Wait 5 sec.

کولکاتا کے ایڈن گارڈنز میدان میں کھیلے گئے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے کے نہایت اہم مقابلے میں ہندوستان نے ویسٹ انڈیز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ 196 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں ہندوستانی بلے بازوں نے دباؤ میں پراعتماد کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 19.2 اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنا کر میچ اپنے نام کر لیا۔ہدف کے تعاقب میں ہندوستان کا آغاز محتاط رہا، تاہم جلد ہی پہلی وکٹ گر گئی جب ابھیشیک شرما 11 گیندوں پر 10 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد سنجو سیمسن اور ایشان کشن نے اسکور کو آگے بڑھایا۔ ایشان کشن نے 6 گیندوں پر 10 رنز بنائے لیکن وہ بھی بڑی اننگ کھیلنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ کپتان سوریہ کمار یادو بھی 16 گیندوں پر 18 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، جس سے مقابلہ مزید سنسنی خیز ہو گیا۔اصل ذمہ داری سنجو سیمسن نے سنبھالی، جنہوں نے شاندار اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے گیند بازوں کو دباؤ میں رکھا۔ سیمسن نے 50 گیندوں پر ناقابل شکست 97 رنز کی دھواں دار اننگ کھیلی، جس میں 12 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 194 رہا، جو اس اہم مقابلے میں فیصلہ کن ثابت ہوا۔ تلک ورما نے بھی 15 گیندوں پر 27 رنز کی تیز رفتار اننگ کھیل کر ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچایا۔ہاردک پانڈیا نے 14 گیندوں پر 17 رنز جوڑے، جبکہ شیوم دوبے نے 4 گیندوں پر آٹھ رنز بنا کر آخر تک ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ آخری اوور سے قبل ہی ہندوستان نے ہدف حاصل کر لیا، جس کے بعد میدان میں موجود شائقینِ کرکٹ نے زبردست جشن منایا۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے شمرون ہیٹمائر اور جیسن ہولڈر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، جبکہ شمر جوزف نے بھی اثر ڈالنے کی کوشش کی، مگر سنجو سیمسن کی مزاحمت کے سامنے ان کی حکمت عملی کامیاب نہ ہو سکی۔ ویسٹ انڈیز کے گیند باز درمیانی اوورز میں وکٹیں لینے کے باوجود رنز کے بہاؤ کو روکنے میں ناکام رہے۔ بہترین کارکردگی کے عوض میں سنجو سیمسن کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔قبل ازیں، ٹاس ہارنے کے بعد پہلے کھیلتے ہوئے ویسٹ انڈیز کا آغاز مضبوط رہا۔ کپتان شائی ہوپ اور روسٹن چیس نے ابتدائی اوورز میں سنبھل کر بیٹنگ کی اور پہلی وکٹ کے لیے 68 رنز کی شراکت قائم کی۔ چیس نے 25 گیندوں پر 40 رنز کی عمدہ اننگ کھیلی، جبکہ ہوپ نے 33 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔ شمرون ہیٹمائر نے مختصر مگر تیز رفتار 27 رنز اسکور کیے، جبکہ شیرفین ردرفورڈ 14 رنز بنا سکے۔ بعد ازاں روومین پاول اور جیسن ہولڈر نے آخری اوورز میں برق رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کے لیے 76 رنز جوڑے۔ ہولڈر 37 اور پاول 34 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستان کی جانب سے جسپریت بمراہ نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ہاردک پانڈیا اور ورون چکرورتی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔یہ کامیابی ہندوستان کے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہے، کیونکہ اس فتح کے ساتھ ہی ٹیم نے سیمی فائنل میں اپنی جگہ یقینی بنا لی ہے۔ سوریہ کمار یادو کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے دباؤ میں جس حوصلے اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا، وہ آئندہ مرحلے کے لیے مثبت اشارہ ہے۔ اب نظریں سیمی فائنل پر مرکوز ہیں، جہاں ہندوستان ایک اور مضبوط کارکردگی کے ساتھ فائنل تک رسائی کی کوشش کرے گا۔