واشنگٹن (26 فروری 2026): مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے جیفری ایپسٹین کے ساتھ تعلق پر معافی مانگ لی۔بل گیٹس نے جیفری ایپسٹین سے تعلق پر فاؤنڈیشن کے عملے سے معذرت کر لی ہے، اور کہا کہ میں کبھی متاثرہ خواتین سے نہیں ملا، نہ کسی مجرمانہ سرگرمی میں شریک رہا، جیفری ایپسٹین کے ساتھ وقت گزارنا ’’انتہائی نادانی‘‘ تھی۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تنظیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بل گیٹس نے اپنی فلاحی تنظیم کے عملے سے ملاقات کے دوران اپنے اقدامات کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے سزا یافتہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین سے تعلقات کے بارے میں وضاحت کی۔گیٹس فاؤنڈیشن نے اپنے بیان میں کہا ’’بل نے کھل کر گفتگو کی اور متعدد سوالات کے تفصیل سے جواب دیے۔‘‘ وال اسٹریٹ جرنل نے رپورٹ کیا کہ گیٹس نے عملے سے معذرت کی اور بتایا کہ ان کے دو روسی خواتین کے ساتھ تعلقات تھے، جن کے بارے میں بعد میں ایپسٹین کو معلوم ہو گیا تھا۔بل نے ایپسٹین کے حوالے سے کہا کہ ’’میں نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا۔ میں نے کوئی غیر قانونی چیز نہیں دیکھی۔‘‘ یاد رہے کہ جنوری میں امریکی جسٹس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے فائلیں جاری کیے جانے کے بعد ایپسٹین کے ساتھ تعلقات پر گیٹس ایک بار پھر تنقید اور جانچ پڑتال کی زد میں آ گئے ہیں۔’امریکا کو وینزویلا سے 80 ملین بیرل تیل مل گیا‘70 سالہ مائیکروسافٹ کے شریک بانی پر ایپسٹین کے کسی بھی متاثرہ فرد کی جانب سے کسی قسم کی بدعنوانی کا الزام عائد نہیں کیا گیا۔ وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق گیٹس نے کہا کہ ایپسٹین کے ساتھ وقت گزارنا ’’بہت بڑی غلطی‘‘ تھی، تاہم انھوں نے اصرار کیا کہ انھوں نے ’’کبھی بھی متاثرین یا ان کے اردگرد موجود خواتین کے ساتھ وقت نہیں گزارا۔‘‘امریکی اخبار کے مطابق گیٹس نے عملے سے کہا ’’میں اپنی اس غلطی کی وجہ سے اس معاملے میں کھنچے جانے والے دیگر لوگوں سے معذرت خواہ ہوں۔‘‘ گیٹس نے یہ بھی کہا کہ فائلز میں شامل وہ تصاویر، جن میں ان کے ہمراہ خواتین دکھائی دیتی ہیں اور جن کے چہرے دھندلا دیے گئے ہیں، دراصل وہ تصاویر تھیں جو ایپسٹین نے ملاقاتوں کے بعد اپنے معاونین کے ساتھ لینے کی درخواست کی تھی۔