کیرالہ میں کسان کنونشن سے راہل گاندھی کا خطاب، کہا- ’کسان ملک کی بنیاد، عزت اور تحفظ ناگزیر‘

Wait 5 sec.

کیرالہ کے ضلع کنور کے پیراوور میں منعقدہ کسان سنگمم یعنی کسان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے کہا کہ جب بھی وہ ملک بھر کے کسانوں سے بات کرتے ہیں تو انہیں ایک جیسے مسائل سننے کو ملتے ہیں۔ ان کے مطابق انسان اور جنگلی جانوروں کے درمیان بڑھتا ہوا تصادم، ذخیرہ اور کولڈ اسٹوریج کی ناکافی سہولیات، اور فصلوں کی مناسب قیمت نہ ملنا کسانوں کے بڑے مسائل ہیں۔راہل گاندھی نے کہا کہ آج جب کسانوں نے اپنی پریشانیاں بیان کیں تو انہیں یہ احساس مزید گہرا ہوا کہ جس طرح کوئی بھی عمارت مضبوط بنیاد کے بغیر کھڑی نہیں ہو سکتی، اسی طرح کوئی ملک بھی اپنے کسانوں اور زرعی شعبے کو نظر انداز کر کے ترقی نہیں کر سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسان اور زراعت ہندوستان کی بنیاد ہیں، مگر افسوس کی بات یہ ہے کہ اس بنیاد کو نہ وہ عزت دی جا رہی ہے جس کی وہ مستحق ہے اور نہ ہی وہ تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے جو ضروری ہے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہندوستان اسی وقت کامیاب ہو سکتا ہے جب اس کی بنیاد، یعنی کسان، محفوظ اور باوقار ہوں۔ اگر کسان کمزور ہوں گے تو ملک کی معیشت بھی کمزور ہوگی۔ انہوں نے کسانوں کے مسائل کے مستقل اور پائیدار حل کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ زرعی شعبے کو مضبوط بنانا قومی ترجیح ہونی چاہیے۔اس سے قبل راہل گاندھی کنور ہوائی اڈے پر پہنچے جہاں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے ان کا استقبال کیا۔ اپنے دورے کے دوران وہ پیراوور میں کسان کنونشن میں شرکت کے بعد کلپٹہ میں منڈکئی–چورالملا کے متاثرین کے لیے مکانات کی تعمیر کے سنگ بنیاد کی تقریب میں بھی شریک ہوں گے۔