استنبول (25 فروری 2026): ترک فضائیہ کا ایف سولہ لڑاکا طیارہ ہائی وے پر گر کر تباہ ہو گیا، حادثے میں پائلٹ شہید ہو گیا۔ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام نے بتایا کہ ایف 16 لڑاکا طیارہ ترکی کے علاقے بالکیسر میں گر کر تباہ ہوا، حادثے کی وجوہ جاننے کےلیے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔یہ واقعہ منگل کی شب مغربی ترکی میں ایک شاہراہ کے قریب پیش آیا، وزارتِ دفاع کے بیان کے مطابق طیارے نے صوبہ بالِکسیر میں واقع 9 ویں مین جیٹ بیس سے پرواز بھری تھی، جس کے بعد اس سے ریڈیو اور ریڈار رابطہ منقطع ہو گیا۔Turkish F-16 fighter jet crashes during night mission in northwestern Türkiye, with pilot martyred, as investigation into cause of crash continues pic.twitter.com/LUvn6vJ9bu— TRT World Now (@TRTWorldNow) February 25, 2026وزارت نے کہا کہ فوری طور پر تلاش اور امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں اور جلد ہی ملبہ تلاش کر لیا گیا، طیارہ استنبول ازمیر ہائی وے کے ایک حصے کے قریب گر کر تباہ ہوا، جس سے ملبہ وسیع علاقے میں پھیل گیا۔ سیکیورٹی فورسز، فائر بریگیڈ اور طبی امدادی ٹیموں کو موقع پر روانہ کیا گیا۔وزارتِ دفاع نے کہا کہ حادثے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی اور اس کی تحقیقات حادثات کی جانچ کرنے والی ٹیم کے ذریعے کی جائیں گی۔شہر کے گورنر اسماعیل استوغلو نے گزشتہ شب کہا ’’بالِکسیر 9 ویں مین جیٹ بیس کمانڈ کے اسکواڈرن سے تعلق رکھنے والا ہمارا ایک ایف-16 طیارہ مشن پرواز کے دوران گر کر تباہ ہو گیا، اور ہمارے ایک پائلٹ شہید ہوگئے ہیں۔ میں اپنے شہید کے لیے اللہ تعالیٰ سے رحمت کی دعا کرتا ہوں اور ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔‘‘