لندن : مردہ ڈونر سے رحم کی پیوند کاری کے بعد برطانیہ میں ماں نے ایک بچے کو جنم دیا بچے کی پیدائش کو طب کی دنیا میں بڑا کارنامہ قرار دیا جارہا ہے۔برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق لندن میں شعبہ طب نے ایک غیرمعمولی کامیابی کی نئی تاریخ رقم کی ہے، جہاں ایک برطانوی خاتون نے مُردہ ڈونر سے منتقل کی گئی بچہ دانی (بطن ) کے ذریعے ایک بچے کو جنم دیا ہے۔برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق پہلی مرتبہ ایک ایسے بچے کی پیدائش ہوئی ہے جس کی والدہ کو رحم (یوٹرس) ایک مردہ عطیہ دہندہ سے منتقل کیا گیا تھا۔ اس سے قبل یورپ میں اس نوعیت کے دو کیسز پہلے بھی رپورٹ ہوچکے ہیں۔مذکورہ بچے کی والدہ گریس بیل جو ایک آئی ٹی پروگرام مینیجر ہیں، پیدائشی طور پر سنڈروم نامی نایاب عارضے کا شکار تھیں، جس کے باعث ان کا رحم یا تو مکمل طور پر موجود نہیں تھا یا نامکمل تھا، انہیں ڈاکٹرز پہلے بتا چکے تھے کہ وہ کبھی بچے کو جنم نہیں دے سکیں گی۔اپنے بیٹے کی پیدائش کو معجزہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ یہ سب ممکن ہوسکے گا، آج میں اپنی زندگی میں سب سے زیادہ خوش ہوں۔گریس بیل نے 2024 میں پیوندکاری کے چند ماہ بعد علاج کا آغاز کیا اور دسمبر 2025 میں بچے کو جنم دیا۔ اس موقع پر انہوں نےاپنی عطیہ دہندہ اور اس کے خاندان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے گریس بیل نے کہا کہ ان کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں، ایک اجنبی کے لیے ان کی بے لوثی اور مہربانی ہی وہ وجہ ہے کہ جس نے مجھے ماں بننے کا خواب پورا کرنے کا موقع دیا۔