مکہ مکرمہ (27 فروری 2026): رمضان المبارک میں عمرہ زائرین کی حفاظت کے لیے مسجد الحرام میں اسپیشل فورسز تعینات کر دی گئی ہیں۔رمضان المبارک میں دنیا بھر سے زائرین کی بڑی تعداد عمرہ کرنے کے لیے مکہ مکرمہ پہنچتی ہے جب کہ آخری ایام طاق راتوں میں تو تل دھرنے کی جگہ نہیں ہوتی۔ایسے میں مسجد الحرام میں عمرے کے دوران زائرین کی حفاظت کے لیے خصوصی اقدامات کرتے ہوئے اسپیشل فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ کام جامع سیکیورٹی ایکو سسٹم کے تحت کیا جا رہا ہے جس کا مقصد عبادت گزاروں اور عمرہ کرنے والے زائرین کی سکیورٹی اور حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔یہ فورسز عوام کی آمدورفت کو منظم بنانے اور فیلڈ میں تیاری مکمل رکھنے کی کوششوں میں مصروف ہیں جس سے عمرہ زائرین کو ایک محفوظ ماحول فراہم ہو رہا ہے جبکہ سیکیورٹی ایجنسیوں کے پلان کو بھی مدد مل رہی ہے۔