بھارت (27 فروری 2026): بلند ہمت افراد اپنی معذوری کو مجبوری نہیں بننے دیتے ڈیڑھ فٹ قد کی 14 سالہ لڑکی میٹرک کی طالبہ ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ باہمت پستہ قد لڑکی ریاست اوڈیشہ کی رہائشی ہے۔ سنیتا نامی 14 سالہ لڑکی کا قد صرف ڈیڑھ فٹ ہے لیکن حوصلہ پہاڑ جتنا بلند ہے۔ دسویں جماعت کی طالبہ سنیتا والدہ کی گود میں اسکول آتی ہے۔رپورٹ کے مطابق سنیتا رواں برس دسویں جماعت کے بورڈ کے امتحان میں شریک ہے۔سنیتا جو اپنے ہم عمر بچوں کی طرح واضح گفتگو بھی نہیں کر پاتی اور پستہ قد ہونے کی وجہ سے اس کو چلنے میں مشکلات ہوتی ہیں، اس لیے وہ امتحانی مرکز بھی اپنی والدہ کی گود میں آتی ہے۔قد کی مناسبت سے اس کے ہاتھ بھی کافی چھوٹے ہیں اور وہ پین درست طریقے سے نہیں پکڑ پاتی۔ اس لیے اس کے ساتھ ایک رشتہ دار بطور معاون لکھاری ساتھ آتا ہے۔کمرہ امتحان میں سنیتا آہستہ آواز میں سوالات کے جوابات بولتی جاتی ہے اور معاون اس کو امتحانی کاپی میں لکھتا جاتا ہے۔سنیا دو بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی ہے، جو پیدائشی جسمانی نقص کے ساتھ پیدا ہوئی۔ تین سال تک والدین نے اس کا علاج کرایا، تاہم کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ اس کے باوجود والدین نے ان کی تعلیم متاثر نہیں ہونے دی۔ مقامی اسکول میں داخلہ دلانے پر انہیں خوشگوار حیرت ہوئی کہ سنیتا کو کتابوں اور رنگوں سے بے حد لگاؤ ہے۔