اسرائیل اور امریکا کے ایران پر حملے کے بعد حزب اللہ کا اہم بیان سامنے آگیا۔عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے ایران پر امریکی، اسرائیلی حملے کی مذمت کی ہے اور اسے خطے میں متکبرانہ، تسلط پنسدانہ روش کا تسلسل قرار دیا ہے۔لبنانی گروپ نے ایران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔حزب اللہ نے یہ نہیں بتایا کہ آیا وہ اپنے دیرینہ اتحادی کی حمایت میں کوئی اقدام اٹھائے گا یا نہیں۔علاوہ ازیں ایران کی پاسداران انقلاب فورس نے پیغام جاری کیا ہے کہ آبنائے ہرمزکوبند کردیا ہے اس وقت کسی جہاز کوآبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت نہیں۔برطانوی میڈیا کے مطابق دنیا کے خام تیل کا تقریباً پانچواں حصہ آبنائےہرمز کےراستے سے گزرتا ہے، آبنائے ہرمز صرف 40 کلومیٹر چوڑا ہے۔خبر ایجنسی کے مطابق آبنائے ہرمز سے سعودی عرب،متحدہ عرب امارات، کویت اور ایران جیسے ممالک سے تیل دیگر ممالک کو پہنچایا جاتا ہے۔دنیا میں سب سے زیادہ ایل این جی برآمد کرنے والا ملک قطر بھی اپنی برآمدات کے لیے اسی گزر گاہ پر انحصار کرتا ہے۔