ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ نے زمبابوے کو پانچ وکٹوں سے ہرایا، سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ سے مقابلہ

Wait 5 sec.

نئی دہلی: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے میں جنوبی افریقہ نے زمبابوے کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سپر 8 مرحلے میں اپنی جیت کا سلسلہ برقرار رکھا۔ ارون جیٹلی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں 154 رنز کا ہدف جنوبی افریقہ نے 17.5 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی شروعات متاثر کن نہیں رہی۔ کوئنٹن ڈی کاک بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان ایڈن مارکرم صرف چار رنز بنا سکے۔ ریان ریکلٹن نے 22 گیندوں پر 31 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو سنبھالا۔میچ کا رخ ڈیوالڈ بریوس کی جارحانہ بیٹنگ نے موڑ دیا۔ انہوں نے 18 گیندوں پر دو چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے اور زمبابوے کے گیند بازوں پر دباؤ بڑھایا۔ ڈیوڈ ملر نے بھی 22 رنز کا اضافہ کیا۔ بریوس کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹرسٹن اسٹبس اور جارج لنڈے نے ذمہ داری سنبھالی اور 53 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کی۔ اسٹبس 21 رنز اور لنڈے 30 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔اس سے قبل زمبابوے نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوورز میں سات وکٹوں پر 153 رنز بنائے۔ کپتان سکندر رضا نے 43 گیندوں پر 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں آٹھ چوکے اور چار چھکے شامل تھے، مگر انہیں دوسرے سرے سے خاطر خواہ تعاون نہیں ملا۔گیند بازی میں سکندر رضا نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ بلیسنگ موزاربانی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کوینا مفاکا اور کوربن بوش نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔سپر ایٹ مرحلے میں مسلسل تیسری کامیابی کے ساتھ جنوبی افریقہ نے اپنے گروپ میں برتری برقرار رکھی۔ اب ٹیم چار مارچ کو پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی، جبکہ زمبابوے کا سفر اس مرحلے پر ختم ہو گیا۔